ایشیاءخبریںدنیا

’مطلقہ مسلم خواتین کے نان ونفقہ سے متعلق عدالتی فیصلہ ناقابل قبول‘

مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مطلقہ مسلم خواتین کے نان ونفقہ سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو قطعی نا قابل قبول قرار دیتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے  فیصلہ سنایا ہے کہ غیر مسلم خواتین کی طرح مسلم خواتین بھی طلاق کے بعد دفعہ ۱۲۵؍ کے تحت اپنے سابقہ شوہر سے نان ونفقہ کا مطالبہ کرسکتی ہیں۔ بورڈ نے اتراکھنڈ میں یوسی سی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنےکا بھی  اشارہ دیا ہے۔ 
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مجلس عاملہ میں وقف املاک، عبادت گاہوں کے تحفظ سے متعلق قانون، دہلی میں وقف کی۱۲۳؍املاک اور ملک میں ہجومی تشدد کے حوالے سے تشویشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے سامنے کئی اہم مطالبات پیش کئے گئے۔ بورڈ نے سپریم کورٹ کے ذریعہ سی آر پی سی کی دفعہ ۱۲۵؍ کے تحت مطلقہ مسلم خواتین کو نان ونفقہ کاحق ہونے کے فیصلہ کو شریعت سے راست متصادم اور ناقابل قبول قرار دیا۔ بورڈ نے دلیل دی کہ یہ فیصلہ  خواتین کے مفاد میں نہیں ہے۔ اُس نے اس کے خلاف سبھی قانونی اور جمہوری ذرائع کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا۔

بورڈ نے ہندو کوڈ لاء کا حوالہ دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ اسی طرح   مسلمانوں کیلئے شریعہ اپلی کیشن ایکٹ ۱۹۳۷ء موجود ہے۔ ملک کے دستور نے سبھی مذہبی اکائیوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزرانے کا بنیادی حق فراہم کیا۔ بورڈ نے اس کے ساتھ ہی ہندوستان جیسے کثیر مذہبی و کثیر ثقافتی ملک کے لئے یونیفارم سول کوڈ کو  بالکل غیر موزوں اور نامناسب قرار دیا۔  اس میں کہا گیاکہ اس طرح کی کوششیں ملک کے دستور کی روح کے بھی منافی ہیں۔ اقلیتوں کو دستور میں جو ضمانتیں دی گئی ہیں، یونیفارم سول کوڈ اس کو ختم کر کے رکھ دے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button