طالبان نے محرم الحرام کے لئے سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دو عزاداروں کو گرفتار کیا اور پرچم امام حسین علیہ السلام کو پھاڑ دیا۔
نعرے سے عمل تک
ہرات کے مقامی ذرائع کے مطابق عزاداری کے پرچم کو طالبان نے پھاڑ دیا جو عزاداروں نے صوبے میں محرم کے موقع پر لگائے تھے۔
ذرائع کے مطابق طالبان نے گذشتہ رات ہرات شہر کے علاقے جبرئیل کے کچھ حصوں میں نصب عزاداری کے پرچموں کو پھاڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق جو جنگجو سیکورٹی فراہم کرنے کے مقصد سے اس علاقے میں تعینات تھے، انہوں نے حسینی پرچم کو پھاڑ دیا۔
اسی طرح ذرائع کے مطابق طالبان نے جبرائیل قصبہ سے دو افراد کو حسینی پرچم نصب کرنے کے جرم میں گرفتار کیا۔
ایک اور مقامی ذریعہ نے میڈیا کو بتایا کہ جبرائیل قصبہ میں طالبان کی فورسز نے دکانداروں پر محرم کے جھنڈے اور کپڑے فروخت کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل صوبہ غزنی میں طالبان نے عزاداروں سے کہا تھا کہ وہ شہر میں پرچم لگانے سے گریز کریں۔
اس سے قبل افغانستان شیعہ علماء کونسل نے طالبان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محرم کے عشرہ اول میں منعقد ہونے والے عزاداری کے پروگراموں کے لئے سیکورٹی کو یقینی بنائیں اور ان مجالس میں کسی طرح کے خلل اور عدم تحفظ کو روکیں۔