ہماری قوم کے لئے ایک سیاسی پلیٹ فارم ضروری ہے: مولانا سید سیف عباس
لکھنو۔ 4 جولائی 2024 بروز جمعرات شاہی جامع مسجد تحسین گنج میں نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ الحاج محمد حنیفہ کی لکھنو آمد پر زیر صدارت مولانا سید صائم مہدی نقوی ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ بنگلور سے آئے مہمان خصوصی جناب سلطان آغا نے افتتاحی تقریر کرتے ہوئے کہا: ہماری قوم کو سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے آج دوسری قوموں کو سیاسی جماعتیں اہمیت دیتی ہیں اور ہماری قوم کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ لکھنو میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے وکیل مولانا سید سیف عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہماری قوم کے لئے ایک سیاسی پلیٹ فارم لازمی ہے کیونکہ ہم کو سیاست میں اپنا مقام بنانے کے لئے اور دوسری جماعتوں تک اپنی آواز کو پہنچانے کے لئے متحدہ سیاسی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل گذشتہ سال ماہ جولائی میں دہلی میں منعقد علماء کانفرنس میں بھی میں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ہماری نمائندگی پورے ہندوستان میں کسی بھی مقام پر نہیں ہے۔ آج بڑی خوشی کی بات ہے کہ کرگل لداخ اور سری نگر سے جو ممبر اف پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں وہ اپنے علاقے کے مسائل کے ساتھ قومی نمائندگی پر بھی آواز اٹھائیں گے اور انشاءاللہ اعلان کرتا ہوں کہ ربیع الاول میں کرگل لداخ اور شری نگر دونوں ممبر آف پارلیمنٹ کو بلا کر پوری قوم استقبالیہ تقریب منعقد کرے گی۔ نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ جناب محمد حنیفہ نے لکھنو آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور مومنین کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا انشاءاللہ ہم کرگل لداخ سے ضرور منتخب ہوئے ہیں لیکن پورے ملک میں کہیں بھی نا انصافی اور مظالم کے خلاف ایوان میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ کیونکہ ہم کو جو عوام نے منتخب کر کے پارلیمنٹ بھیجا ہے تو اس کے بھروسے کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ اس بات کا یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پورے ہندوستان میں جہاں کہیں بھی آئین کے خلاف اگر کوئی بات ہوتی ہے تو میں اس کے خلاف ایوان میں آواز اٹھاؤں گا۔ آخر میں صدارتی تقریر کرتے ہوئے مولانا سید صائم مہدی نے کہا کہ ہم آئے ہوئے نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ جناب محمد حنیفہ اور مہمان خصوصی جناب سلطان آغا کا استقبال کرتے ہیں اور ہم دعائیں دیتے ہیں کہ ہماری قوم میں بھی ایسے نوجوان سامنے آئیں جو سیاسی میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے قومی حقوق کو حاصل کریں۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں علماء، دانشوران اور معزز شہریوں نے دونوں مہمانان خصوصی کا گل پوشی کرتے ہوئے پرجوش استقبال کیا۔