اسپین سے یوراگوئے جانے والے ایک طیارے میں شدید ’ٹربیولنس‘ یعنی تیز ہواؤں کی وجہ سے طیارہ ڈولنے اور جھٹکے لگنے سے جہاز میں سوار 30 مسافر زخمی ہو گئے اور پرواز کو ہنگامی بنیادوں میں برازیل میں اتارنا پڑا۔
ایئر یوروپا کا بوئنگ 9۔ 787ڈریم لائنر جہاز اسپین کے دارالحکومت میڈریڈ سے یوراگوئے کے دارالحکومت مونتیبیدیو جا رہا تھا۔
ایئر یوروپا کے ترجمان نے بتایا کہ جہاز میں 325 مسافر موجود تھے۔ برازیل کے قریب بحر اوقیانوس سے گزرتے وقت پرواز میں شدید ٹربیولنس ہوئی۔ جہاز کو ہنگامی حالت میں اتارا گیا تاہم لینڈنگ پرسکون تھی۔
رن وے پر ایمبولینسز تیار کھڑی تھیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق کچھ مسافروں کو طبی امداد کی ضرورت تھی تو انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایئرپورٹ پر موجود نجی میڈیکل ٹیم نے برازیل کے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے کم از کم 30 لوگوں کا علاج کیا جو دیگر ممالک سے تھے۔ ان میں سے دس کو ہسپتال بھی منتقل کیا گیا۔
ٹربیولنس کی وجہ سے لوگوں کے سر جہاز کی چھت سے ٹکرائے جس سے لوگوں کی کھوپڑی میں فیکچر اور چہروں پر چوٹیں آئیں۔
حال ہی میں ایسا ایک اور حادثہ بھی پیش آیا تھا، جب لندن سے سنگاپور جانے والے طیارے میں دورانِ پرواز ’ٹربیولنس‘ سے ایک مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
ویسے تو پرواز میں اتنی شدید ٹربیولنس بہت کم ہوتی ہیں لیکن حال میں ہوئی ایک تحقیق کے مطابق اس کی ایک وجہ ماحولیاتی تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔