ایشیاءخبریںدنیا

ہندوستان؛''ہندو تشدد نہیں پھیلا سکتا، ہندو نفرت نہیں پھیلا سکتا'': راہل گاندھی

راہل گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی 10 سالوں سے خوف کا راج چلا رہے ہیں، سبھی ایجنسیوں، اداروں اور میڈیا پر قبضہ کر سماج کے ہر طبقہ میں بی جے پی نے صرف ڈر پھیلانے کا کام کیا ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تجویز پیش کرتے ہوئے پی ایم مودی اور بی جے پی کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے ایوان میں صاف لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’نریندر مودی جی پورا ہندو سماج نہیں ہیں، بی جے پی پورا ہندو سماج نہیں ہے، آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہندو ڈر نہیں پھیلا سکتا، ہندو تشدد نہیں پھیلا سکتا، ہندو نفرت نہیں پھیلا سکتا، جبکہ بی جے پی 24 گھنٹے نفرت، تشدد پھیلانے کا کام کرتی ہے۔‘‘ اس بیان کو لے کر برسراقتدار طبقہ کے اراکین نے اعتراض بھی ظاہر کیا، لیکن راہل گاندھی نے بے باکی کے ساتھ اپنی بات رکھی۔

لوک سبھا میں اپنی تقریر کا کچھ حصہ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر بھی کیا ہے۔ اپنی تقریر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی 10 سالوں سے ’خوف کا راج‘ چلا رہے ہیں۔ سبھی ایجنسیوں، اداروں اور میڈیا پر قبضہ کر سماج کے ہر طبقہ میں بی جے پی نے صرف خوف پھیلانے کا کام کیا ہے۔

اس پوسٹ میں راہل گاندھی نے خوف پھیلانے کی کچھ مثالیں بھی پیش کی ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کسانوں کو سیاہ قوانین کا خوف، طلبا کو پیپر لیک کا خوف، نوجوانوں کو بے روزگاری کا خوف، چھوٹے تاجروں کو غلط جی ایس ٹی، نوٹ بندی اور چھاپہ ماری کا خوف، محب وطن افراد کو اگنی ویر جیسے منصوبوں کا خوف، منی پور کے لوگوں کو سول وار (جنگ) کا خوف۔ اس لئے ملک کی عوام نے ’خوف کے پیکیج‘ کے خلاف مینڈیٹ دے کر بی جے پی سے اکثریت چھین لی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button