اسلام آباد میں مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ کے زیر اہتمام عظمت اہلبیتؑ کانفرنس منعقد
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ پاکستان کے زیر اہتمام عظمت اہلبیتؑ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جامعہ الصادقؑ اسلام آباد میں منعقد ہونیوالی کانفرنس سے علامہ سید حسنین عباس گردیزی، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ حیدر علوی، مولانا یاسین قادری، علامہ اقبال حسین بہشتی، علامہ زاہد کاظمی، علامہ اصغر عسکری، علامہ ثمر عباس نقوی نے خطاب کیا۔ شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ سیرت ائمہ اطہار علیہ السلام ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں، کانفرنس کے انعقاد کا مقصد شرکاء کو ایک تحریک، ایک سمت اور جہت دینا ہے تاکہ آپ تمام علمائے کرام و مبلغین اسلام اپنے اپنے علاقوں میں جا کر احسن طریقے سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے تعلیمات دین اسلام کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں بالخصوص تحریک کربلا کی مختلف جہتوں سے متعارف و روشناس کرایا جائے، انہوں نے تمام شرکاء کانفرنس کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔
سربراہ امت واحدہ علامہ محمد امین شہیدی نے کہ اسلام دشمن قوتیں ہمیں فرقوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا، امت مسلمہ کا اتحاد دشمن قوتوں کی موت ہے، ماہ محرم الحرام انسانیت کے لیے ایثار، شجاعت اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے، ہمیں وحدت کے فروغ کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ اہلبیت علیہ السّلام کی فضیلت و عظمت کے لیے یہی کافی ہے کہ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ نے اپنے بعد جو دو گراں قدر چیزیں چھوڑیں ان میں قرآن کریم کے ساتھ اہلبیت علیہم السّلام بھی شامل ہیں، دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جو بھی مشکلات و مسائل پیش آئیں گے قرآن و اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں حل موجود ہے۔