عامہ اور خاصہ کی روایتوں کے مطابق دسیوں بار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے امیر المومنین کی ولایت پر تاکید کی: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور 16 ذی الحجہ 1445 ہجری بروز اتوار منعقد ہوا۔ گزشتہ جلسوں کی طرح اس جلسے میں بھی حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے یہ تاکید کرتے ہوئے کہ امیر المومنین کی جانشینی کے مسئلے پر پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ نے متعدد بار تاکید کی ہے فرمایا: عامہ اور خاصہ کی روایتوں کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے امیر المومنین کی ولایت پر متعدد بار تاکید کی کہ جن میں سب سے پہلے ابتدائے رسالت میں یعنی 40 برس کی عمر میں جب پیغمبر مبعوث بہ رسالت ہوئے، انہی ایام میں اپنے قوم و قبیلے کے لوگوں کو کہ جن میں سے کچھ کافر تھے، انہیں اپنے گھر پر دعوت دی اور میزبانی کرتے ہوئے وہاں اعلان فرمایا کہ میں اللہ کی جانب سے مبعوث بہ رسالت ہو گیا ہوں۔
آیۃ اللہ العظمی شیرازی نے مزید فرمایا: اسی نشست میں وہاں موجود لوگوں سے پوچھا کہ تم میں سے کون میری مدد کرے گا کہ وہ میرا وصی ہو؟ امیر المومنین علیہ السلام کی عمر اس وقت 10 سال سے زیادہ نہ تھی لیکن اس کے باوجود آپ نے مدد کرنے کا وعدہ کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے وہیں آپ کے وصی ہونے کا اعلان فرمایا، کہ جس پر مشرکین نے جناب ابو طالب سے مذاق اڑاتے ہوئے کہا: اب تم اپنے اس بیٹے کی اطاعت کرو جو دس سال سے زیادہ نہیں ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: یہ واقعہ جو پہلا واقعہ تھا، اس کے علاوہ مختلف مواقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے امیر المومنین علیہ السلام کا اپنے وصی و جانشین کے عنوان سے تعارف کرایا۔ آخری مرتبہ روز غدیر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے امیر المومنین علیہ السلام کی جانشینی کا اعلان فرمایا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: عید غدیر کے دن محمد و آل محمد علیہم السلام پر صلوات معصومین علیہم السلام کی نصیحتوں میں سے ہے کہ جس کے بہت زیادہ فضائل ذکر ہوئے ہیں۔
اس علمی جلسہ میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے مندرجہ ذیل مباحث کو ذکر کیا۔ خمس کے بعض احکام، دعا اور تعویذ کے لیے پیسے لینا، فضیلت زیارت امام حسین علیہ السلام، امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی نیابت میں حج انجام دینا، نافلہ نمازوں کے کچھ احکام، عاشور کے دن کا روزہ وغیرہ
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ بیت آیۃ اللہ العظمی شیرازی واقع قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں ایرانی وقت کے مطابق صبح 10:45 منعقد ہوتا ہے ۔ جسے آپ امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فریکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔