حضرت علی ؑ کی امامت کا اعلان ایک نظام کا اعلان ہے: علامہ ساجد نقوی
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فرمایا: یوم غدیر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے ۔امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی ولایت و امامت کا اعلان سلسلہ نبوت و رسالت کے خاتمے اور ولایت و امامت کے آغاز کی نشاندہی ہے اور ایک ایسے سسٹم و نظام کا اعلان ہے جو بعد از پیغمبر گرامی اسلام کی حفاظت ، تشریح ، ترویج اور نفاذ کا ضامن ہے۔ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ اس روز عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرنا مقصود تھا کہ وہ اسلام کی حفاظت ،تشریح ، ترویج اور نفاذ کا مرجع و مرکز علی ابن ابی طالب ؑ کو تسلیم کریں،ان کی اطاعت کریں اورتطہیر نظام و معاشرہ کیلئے ان کے بھرپور عملی اقدامات میں ان کا ساتھ دیں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ یوم غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ دین حق کی سربلندی اور ترویج اور امام برحق حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے سیرت و کردار کو نمونہ عمل بناتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں گے۔