کویت جو ان دنوں شدید گرمی کے باعث بجلی کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کررہا ہے ملک کے بعض حصوں میں عارضی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا ہے۔
کویتی میڈیا کے مطابق وزارت بجلی، پانی اور قبل تجدید توانائی نے ایک بیان میں کہا کہ ’زیادہ مصروف اوقات میں ایک اور زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو گی‘۔
تیل کی دولت سے مالا مال ملک کو پہلی مرتبہ لوڈشیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔
جمعرات کو وزارت نے ملک کے کئی حصوں میں متوقع لوڈشیڈنگ کی ٹائمنگ کا اعلان کیا اور لوگوں پر زور دیا کہ’ وہ پاور پلانٹس پر بوجھ کم کرنے کے لیے صبح گیارہ بجے سے شام پانچ بجے تک بجلی کا مناسب استعمال کریں‘۔
وزارت نے کہا کہ ’اس اقدام سے بجلی نیٹ ورک کو مستحکم اور لوڈ شیڈنگ کی ضرورت کو کم کیا جا سکے گا‘۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت کا کہنا ہے’ لوڈ شیڈنگ سے صحت کی سہولتیں متاثر نہیں ہوئیں۔ حفظان صحت کے مراکز کو فعال رکھنے اور مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے طریقہ کار موجود ہے‘۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ ’ہسپتال، سرکاری کلینکس اور بلڈ بینکوں میں بجلی کی بندش نہیں ہوئی۔ صحت مراکز پر بیک اپ جنریٹرز تیار ہیں‘۔
یاد رہے کویت کے محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔
آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز ہونے کی توقع ہے۔