خبریںدنیا

کشمیر اور دہلی کے درمیان پُل کا کام کرونگا: نریندر مودی

ہندوستان كے تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی جمعرات کو جموں و کشمیر پہنچے۔ مودی نے سری نگر میں `نوجوانوں کو بااختیار بنا نے اور جموں و کشمیر میں تبدیلی کے عنوان  پر ایک پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے مرکز کی جانب سے جموں کشمیر کو تقریباً 3300؍کروڑ روپے کا تحفہ دیا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر اور دہلی کے درمیان فاصلہ مٹانے کیلئے پُل کا کام کریں گے ۔اس موقع پر سرکاری خدمات  کیلئے 2؍ ہزار سے زائد لوگوں کو تقرری کے لیٹر بھی دئیے گئے۔ وزیر اعظم مودی سری نگر میں جمعہ کو یعنی آج شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں یوگا ڈے کی مرکزی تقریب کی قیادت کریں گے۔

 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مذکورہ پروگرام میں کہا کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کیلئے اسٹیٹ ہیڈ کا درجہ بھی بہت جلد بحال کیا جائے گا۔ مودی کے بقول ’’دفعہ 370؍ کی دیوار ہمیشہ ہمیشہ کے لئے گرائی گئی اور اس کا ثمرہ یہ نکلا کہ آج جموں وکشمیر میں جمہوریت ، امن اور خوشحالی کا ہر سو دور دورہ نظر آ رہا ہے۔ ہماری حکومت لوگوں کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے جس سے سرکار اور سرکار کے کاموں  کے تئیں لوگوں میں اعتماد بڑھ رہا ہے۔‘‘

 وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’میری کوشش رہے گی کہ کشمیر اور دہلی کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرکے دوریوں کو کم کرسکوں۔

 وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج ہندوستانی آئین کو حقیقی معنوں میں جموں و کشمیر میں نافذ کیا گیا ہے۔نریندر مودی نے کہاکہ جمہوریت ، کشمیریت اور انسانیت کا جو نعرہ آنجہانی اٹل بہاری واجپئی نے دیا تھا وہ آج حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران کشمیر کے لوگوں نے جس جوش و جذبے کے تحت اپنی رائے دہی کا استعمال کیا اس سے واقعی میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔

  مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر علاقے اور ہر گھر میں اس وقت جمہوریت پنپ رہی ہے اور ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ خوشحال زندگی گزر بسر کر سکیں۔

  اسمبلی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ’’جموں وکشمیر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات منعقد ہونگے اور ریاست کے درجہ کی بحالی کو بھی عنقریب یقینی بنایا جائے گا۔ ہماری حکومت نے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا ہمیں تیسری بار حکومت کرنے کا موقع ملا ۔‘‘

 وزیر اعظم کے مطابق تیسری بار حکومت تشکیل دے کر ہم نے دنیا کو استحکام کا واضح پیغام دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یوگا ڈے کے موقع پر سری نگر کی سرزمین سے دنیا کو ایک اچھا پیغام جائے گا۔ 

  وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر فقید المثال سیکوریٹی بندوبست کے بیچ سری نگر کی قابل دید زیبائش و آرائش بھی کی گئی ۔

 وزیر اعظم کے استقبال کے لئے شہر کو بینرس اور ہورڈنگز سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا  اور سڑکوں کے آر پار دیواروں اور درختوں پر قومی پرچم اور بی جے پی کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔

 وزیر اعظم نے ایس کے آئی س سی میں لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر نوجوانوں سے بات چیت کی۔ جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر بعض روٹس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button