تمام معصومین علیہم السلام بشریت کے لئے اسوہ اور نمونہ عمل ہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور 12 ذی الحجہ 1445 ہجری بروز بدھ کو منعقد ہوا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اللہ کی جانب سے معصومین علیہم السلام پر عائد ذمہ داریوں کے سلسلے میں فرمایا: ایک روایت میں ہے کہ معصومین علیہم السلام کی ذمہ داریاں خداوند عالم کی جانب سے اوراق پر تحریر ان حضرات پر نازل ہوئیں، مثلا امام حسن مجتبی علیہ السلام نے جو کچھ کیا وہ اسی اوراق پر لکھی تحریر کے مطابق تھا اور جو کچھ امام حسین علیہ السلام نے انجام دیا وہ انہی اوراق پر لکھی تحریر کے عین مطابق تھا۔
معظم لہ نے مزید فرمایا: یہ مسئلہ تمام معصومین اور ائمہ اطہار علیہم السلام کے لئے بھی موجود ہے کہ انہوں نے حکم خدا کے مطابق ان اوراق پر لکھی تحریر کی بنیاد پر تمام ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔
موصوف نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: تمام معصومین علیہم السلام بشریت کے لئے اسوہ اور نمونہ عمل ہیں، ان کے تمام اعمال ہمارے لئے حجت ہیں جیسا کہ قرآن کریم کے سوره احزاب کی اکیسویں آیت میں ارشاد ہو رہا ہے: لَّقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ تمہارے لئے اسوہ حسنہ ہیں۔
اس علمی جلسے میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے مندرجہ ذیل فقہی مسائل بیان کئے۔ استحالہ کے بعض احکام، نماز مغرب و عشاء کے درمیان تعقیبات اور مستحب اعمال، نماز شب پڑھنے کا طریقہ، قاعدہ ید کا حجت ہونا، جوئے کے بعض مسائل، احکام میں تقلید پر شرعی دلیل، دعائے کمیل کے فقرے ظلمت نفسی کی وضاحت، لقطہ اور مجہول المالک کے بعض احکام وغیرہ