قران کریم میں امام مبین سے مراد 14 معصومین علیہم السلام ہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور 9 ذی الحجہ 1445 ہجری کو منعقد ہوا، اس جلسہ میں گذشتہ جلسوں کی طرح حاضرین نے مختلف فقہی مسائل کے سلسلے میں سوالات کیے جن کے آپ نے جوابات دئیے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبہ اور علم کے سلسلے میں فرمایا: مستند حوالہ جات کی بنیاد پر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا عصمت کبری پر فائز تھیں، دیگر معصومین علیہم السلام کے فضائل و کمالات کی طرح آپ کے بھی فضائل و کمالات عظیم ہیں، آپ کی ولادت باسعادت کے موقع پر رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یوں بشارت دی گئی۔ انا اعطیناک الکوثر. ہم نے آپ کو خیر کثیر عطا کیا۔
معظم لہ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ قرآن کریم میں امام مبین کے عنوان سے جو ذکر کیا گیا ہے اس سے مراد 14 معصومین علیہم السلام ہیں جو اسمائے الہی کا مظہر ہیں، فرمایا: بلا شبہ 14 معصومین علیہم السلام کے علم کی منزل جدا ہے اور دنیا میں کسی کا علم ان کے جیسا نہیں ہے، آپ حضرات کے خاص علم میں سے تھوڑا حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور حضرت عباس علیہ السلام کو نصیب ہوا، البتہ 14 معصومین علیہم السلام کے علم کی کوئی حد نہیں ہے۔
آپ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عصمت کبری 14 معصومین علیہم سے مخصوص ہے فرمایا: حضرت زینب سلام اللہ علیہا معصومہ تھیں لیکن عصمت کبری پر فائز نہیں تھیں کیونکہ عصمت کبری 14 معصومین علیہم السلام سے مخصوص ہے لیکن بلا شک و شبہہ آپ عصمت صغری کے مرتبہ پر فائز تھیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے 14 معصومین علیہم السلام کے مقام و مرتبہ کے سلسلے میں فرمایا: 14 معصومین علیہم السلام سب برابر ہیں صرف دو چیز میں فرق ہے، ایک نبوت کہ جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ سے مخصوص ہے، اگرچہ جبرائیل امین حضرت زہرا سلام اللہ علیہا پر نازل ہوئے، امیر المومنین علیہ السلام پر بھی نازل ہوئے اسی طرح امام حسن عسکری علیہ السلام پر بھی نازل ہوئے لیکن ان کا یہ نزول وحی اور نبوت کے عنوان سے نہیں تھا لہذا نبوت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ سے مخصوص ہے اور باقی 13 معصومین علیہم السلام نبی نہیں تھے۔
معظم لہ نے دوسرے فرق کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: دوسرا فرق ان حضرات کے درجات کا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ 13 معصومین علیہم السلام سے افضل ہیں اور امیر المومنین علیہ السلام باقی 12 معصومین علیہم السلام سے افضل ہیں، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا باقی 11 معصومین علیہم السلام سے افضل ہیں، امام حسن مجتبی علیہ السلام باقی دس معصومین علیہم السلام سے افضل ہیں، امام حسین علیہ السلام باقی نو معصومین علیہم السلام سے افضل ہیں، اسی طرح باقی ائمہ علیہم السلام، روایت میں ہے کہ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف اپنے اٹھ آباء طاہرین سے افضل ہیں لہذا 14 معصومین علیہم السلام میں فرق صرف ان دو جہتوں سے ہے۔