اسلامی دنیاتصویری رپورٹخبریںعراقمقدس مقامات اور روضے

یوم عرفہ کے موقع پر کربلائے معلی میں زائرین امام حسین علیہ السلام کی پر جوش حاضری

عراق کے مختلف شہروں اور دنیا کے دیگر ممالک سے لاکھوں شیعہ یوم عرفہ کے موقع پر امام حسین کی خصوصی زیارت اور اس عظیم دن کے دیگر اعمال کی ادائیگی کے لیے کربلائے معلی پہنچے ہیں جہاں وہ یوم عرفہ کے اعمال انجام دیں گےاور دعائے عرفہ پڑھیں گے۔
شیعہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر نے یوم عرفہ کربلا معلی کی ایک رپورٹ۔

یوم عرفہ کے اعمال اور امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لیے لاکھوں زائرین کربلا معلی پہنچے ہیں۔
کچھ ایرانی زائرین مہران اور شلمچہ سرحد سے عراق میں داخل ہوئے ہیں تاکہ کربلائے معلی پہنچ کر یوم عرفہ کے اعمال اور زیارت سے مشرف ہو سکیں۔
اس رپورٹ کے مطابق کربلا معلی کے زائرین کی مہمان نوازی اور استقبال کے لیے ضروری حفاظتی اور خدماتی اقدامات کیے گئے ہیں امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضوں کے خدام زائرین کی خدمت کے لیے آمادہ ہیں۔
کربلائے معلی میں دعائے عرفہ کا پروگرام منعقد ہوگا جس میں عراق اور دیگر ممالک کے زائرین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے تاکہ وہ امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی قبر مبارک کے پاس دعائے عرفہ پڑھیں اور بارگاہ خدا میں دعائے مغفرت کریں۔
روایات کے مطابق یوم عرفہ استغفار اور دعاؤں کی قبولیت کا دن ہے اور اس دن کا بہترین عمل امام حسین علیہ السلام کی زیارت ہے۔
دعائے عرفہ خدا سے دعا مانگنے کا بہترین موقع ہے دنیا میں مسلمانوں اور شیعوں کے مسائل و مشکلات کے حل کی دعا اور سب سے بڑھ کر آقا امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور کی دعا ہے۔
عرفہ کے دن امام حسین علیہ السلام کی دعا کے علاوہ خود امام حسین علیہ السلام کی زیارت کی بہت تاکید ہوئی ہے روایت میں ہے کہ جو بھی عرفہ کے دن امام حسین علیہ السلام کی معرفت کے ساتھ زیارت کرے گا اسے ہزار مقبول حج، عمر اور رسول اسلام یا امام عادل کی رکاب میں ہزار جہاد کا ثواب ملے گا۔
ان دنوں کربلائے معلی کا ماحول انتہائی خوشگوار ہے، نہ صرف امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی ضریح مبارک کے پاس زائرین ہیں بلکہ روضے کے طرف جانے والی شاہراہوں پر بھی لوگ زیارت میں مصروف ہیں اور کھڑے ہو کر دعا کر رہے ہیں اور اس دن کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے استغفار میں مصروف ہیں۔


شاید یوم عرفہ کو امام حسین علیہ السلام کے نام اور یاد کا مظہر کہا جا سکتا ہے کیونکہ اس دن چاہے عرفات میں ہوں یا کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی یاد ہر جگہ ہے چاہے آپ کی تعلیم کردہ دعا ہو یا آپ کی قبر مبارک کی زیارت ہو جو روح کو صفا اور جِلا بخشتی ہے۔ متعدد احادیث میں بیان ہوا ہے کہ خدا تبارک و تعالی عرفہ کے دن میدان عرفات میں موجود حاجیوں سے پہلے قبر امام حسین علیہ السلام پر موجود زائرین کی جانب نظر کرتا ہے۔
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی نے اپنے ایک علمی جلسہ میں کربلا کی سرزمین کی عظمت کے بارے میں روایات کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا: کربلا کی سرزمین کی عظمت کعبہ سے افضل ہے اور خداوند عالم نے یوم عرفہ کے موقع پر امام حسین علیہ السلام کے زائرین کو اپنی طرف منسوب کیا ہے اور انہیں خدا کا زائر کہا ہے، پہلے امام حسین علیہ السلام کے زائرین پر نظر عنایت ہوتی ہے اس کے بعد میدان عرفات کے حاجیوں پر نظر کرم ہوتی ہے۔
۹ ذی الحجہ کو کربلائے معلی میں منعقد امام حسین علیہ السلام کی زیارت امام حسین علیہ السلام میڈیا کے چھ ٹیلی ویژن چینل کے ذریعے براہ راست کربلائے معلی سے نشر کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button