اسلام آباد۔ عید قربان پر دو تحفے، وزیر اعظم نے پٹرول 10.20روپے اور صنعتوں کیلئے بجلی 10روپے سستی کردی،
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملکی صنعت کی بہتری کیلئے بجلی کے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے کی کمی گئی ہے۔ وزیراعظم کی خصوصی کاوشوں سے صنعت اور برآمدات کے شعبے کیلئے بجلی کی قیمت 34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے، نیپرا نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی تجویز کی تھی۔
قیمت میں اس کمی کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا صنعتوں کو یہ پیکج عالمی منڈی میں اشیاء کی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے دیا گیا، اس پیکج سے صنعتی اور زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی، روزگار میں تیز ترین اضافہ ہوگا، صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ وزیراعظم آفس نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
وزیراعظم آفس نے بتایا کہ یکم جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے کمی کی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر ملک کی ترقی میں جہاں مہنگائی بہت بڑی رکاوٹ ہوتی ہے وہیں نا امنی بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے، پاکستانی وزیر اعظم نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے ایک اقدام کیا لیکن ناامنی ختم کرنے، بے لگام دہشت گردوں کو لگام دینے کے لئے کیا کوئی ٹھوس قدم اٹھایا؟